مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 50 زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کراچی کے قریب بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ایک جہاز کے آئل ٹینک میں اس وقت دھماکہ ہوگیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ جہاز توڑنے میں مصروف تھے۔
دھماکہ اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس نے جہاز پر موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کو فوری طور پر حب منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ ریفرکردیا گیا۔
بحری جہاز میں کام کرنے والے مزدوروں نے بتایا کہ حادثے کے وقت 100 کے قریب افراد وہاں موجود تھے جبکہ دھماکہ ہوتے ہی متعدد مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگاکر جان بچائی۔ ڈی ایس پی حب کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں تاہم آگ کی شدت کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ